ویب ڈیسک: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسٹامپ پیپرز سے متعلق جعلسازی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے ای سٹیمپنگ کا نظام کامیابی کے ساتھ نافذ کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، فیڈرل ٹریژری کی جانب سے روایتی اسٹامپ پیپرز کا اجرا مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ تاہم، پہلے سے جاری شدہ اسٹامپ پیپرز ان کی مقررہ مدت تک استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق، ای سٹیمپنگ پراجیکٹ کے تحت اب تک 585 چالان جنریٹ کیے جا چکے ہیں، جس سے نہ صرف نظام میں شفافیت آئی ہے بلکہ اسٹامپ پیپرز سے متعلق تمام اعداد و شمار کا ڈیجیٹل ریکارڈ بھی مرتب کیا جا چکا ہے۔
ڈی سی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ شہری اب سیٹیزن پورٹل کے ذریعے ای سٹیمپ کی تصدیق باآسانی کر سکتے ہیں، جس سے جعلسازی کے امکانات مزید کم ہو جائیں گے اور شہریوں کو ایک محفوظ اور تیز سروس فراہم کی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق، ای سٹیمپنگ کا نظام سرکاری امور میں سہولت، شفافیت اور عوام کا اعتماد بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ شہریوں کو جدید اور محفوظ سروس فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔