گیسٹ ہاؤس کے اداکار خالد حفیظ انتقال کر گئے

گیسٹ ہاؤس کے اداکار خالد حفیظ انتقال کر گئے

(ویب ڈیسک)پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول ڈرامہ سیریل گیسٹ ہاؤس میں مسٹر شمیم کا یادگار کردار ادا کرنے والے سینئر اداکار خالد حفیظ انتقال کر گئے ہیں۔

خالد حفیظ 26 اور 27 جنوری کی درمیانی شب رات ایک بج کر تیس منٹ پر اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ اسلام آباد کے ایچ-11 قبرستان میں نمازِ مغرب کے بعد ادا کی گئی۔

وہ اسلام آباد میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مقیم تھے اور ڈرامہ گیسٹ ہاؤس کے حوالے سے انہیں اکثر اپنے قریبی دوست اور ساتھی اداکار افضل خان (جان ریمبو) کے ساتھ مختلف انٹرویوز میں دیکھا جاتا رہا۔

ان کے انتقال کی اطلاع سب سے پہلے افضل خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے دی، جس کے بعد بشریٰ انصاری اور نعمان مسعود سمیت دیگر شوبز شخصیات نے بھی اس خبر کی تصدیق کی۔

خالد حفیظ کے انتقال پر شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد اور مداح گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہے ہیں اور مرحوم کے اہلِ خانہ کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی افراد نے انہیں اپنے بچپن کی حسین یادوں سے جڑی ایک اہم شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کے بچھڑنے کو ناقابلِ تلافی نقصان کہا ہے۔

Watch Live Public News