اسلام آباد:عوام پر بجلی گرا دی گئی، نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 9 روپے 89 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی۔ مہنگائی سے ستائے عوام کو ایک اور زور کا جھٹکا لگ گیا۔ نیپرا نے بجلی 9 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر سماعت نیپرا میں ہوئی۔ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 9 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی۔ سی پی پی اے نے کہا کہ گزشتہ ماہ 13 ارب یونٹ بجلی پیدا ہوئی، پیدا شدہ بجلی کی لاگت 213 ارب روپے رہی۔ نیپرا نے سماعت کے بعد بجلی کی قیمتوں میں 9 روپے 89 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ صارفین پر ایک ماہ میں 100 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔ خیال رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے 9 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔