9 مئی واقعات کی تحقیقات: کے پی حکومت نے چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ کو خط لکھ دیا

9 مئی واقعات کی تحقیقات: کے پی حکومت نے چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ کو خط لکھ دیا
کیپشن: 9 مئی واقعات کی تحقیقات: کے پی حکومت نے چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ کو خط لکھ دیا

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے 9 مئی واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔

خیبرپختونخوا کابینہ نے صوبے کی حد تک 9 مئی واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی منظوری دی تھی، جس کے بعد اب خیبرپختونخوا حکومت نے باقاعدہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔

صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے بتایا کہ خط میں چیف جسٹس سے شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی استدعا کی گئی ہے اور اب چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن کے لیے جج کا نام دیں گے لیکن تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

آفتاب عالم نے بتایا کہ جوڈیشل کمیشن ہائیکورٹ کے جج کی سربراہی میں قائم ہوگا جو سنگل یا زیادہ رکنی کمیشن ہوسکتا ہے جس کے بعد ٹی او آرز کو فائنل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

Watch Live Public News