ویب ڈیسک: عالمی مالیاتی فنڈ اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد ملک کے لیے اہم مالی مدد حاصل ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق انتظامی بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو توسیعی فنڈ سہولت کے تحت ایک ارب ڈالر جبکہ پائیداری اور مضبوطی کی سہولت کے تحت اکیس کروڑ ڈالر تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔
ادارے کا کہنا ہے کہ دونوں پروگراموں کے تحت مجموعی ادائیگیاں تقریباً چار اعشاریہ پانچ ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی، جبکہ حتمی منظوری کے بعد ہی پاکستان کو یہ رقم فراہم کی جائے گی۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق حکومت پاکستان مالی خسارہ کم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے، ٹیکس نظام میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور ملکی معیشت بتدریج بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے۔