پی ایس ایل فرنچائزمالکان کی وزیراعظم سے اسٹیڈیم میں شائقین کی واپسی کی اپیل

پی ایس ایل فرنچائزمالکان کی وزیراعظم سے اسٹیڈیم میں شائقین کی واپسی کی اپیل
کیپشن: پی ایس ایل فرنچائززمالکان کی وزیراعظم سے اسٹیڈیم میں شائقین کی واپسی کی اپیل

ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی مختلف فرنچائزز کے مالکان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے اسٹیڈیمز میں شائقین کی واپسی کی اجازت دینے کی اپیل کی ہے۔

فرنچائز مالکان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پیغامات میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا جشن ہے، تاہم شائقین کے بغیر یہ ایونٹ اپنی اصل رونق کھو دیتا ہے۔

لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے کہا کہ پی ایس ایل کرکٹ کا تہوار ہے لیکن فینز کے بغیر یہ ادھورا ہے، اس لیے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سے اپیل ہے کہ شائقین کو دوبارہ اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے۔

ملتان سلطانز کے مالک گوہر نذیر نے بھی اسی مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام فرنچائزز شائقین کی واپسی کی خواہاں ہیں۔

راولپنڈی کی نمائندہ ٹیم کے مالک احسن طاہر کے مطابق “فینز کے بغیر کرکٹ اپنی روح کھو دیتی ہے، کیونکہ یہ کھیل عوام کی توانائی سے ہی زندہ رہتا ہے۔”

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان میں اتحاد اور خوشی کا ذریعہ ہے، اور شائقین کا جوش و خروش ہی اس کی اصل پہچان ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ گراؤنڈ میں موجود شائقین کی انرجی ہی پی ایس ایل کی اصل دھڑکن ہے، ان کے بغیر ایونٹ ادھورا محسوس ہوتا ہے۔

کراچی کنگز کے نمائندوں نے بھی کہا کہ خالی اسٹیڈیم میں میچز دیکھ کر افسوس ہوتا ہے اور شائقین کی واپسی ضروری ہے۔

مجموعی طور پر فرنچائز مالکان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ پی ایس ایل کے میچز میں عوام کو دوبارہ اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے تاکہ ایونٹ اپنی اصل رونق حاصل کر سکے۔

Watch Live Public News