(ویب ڈیسک) امریکا میں ہونے والے مختلف سرویز سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ عوام کی بڑی تعداد ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے جلد خاتمے کی خواہاں ہے۔ بیشتر امریکی شہری اس تنازع سے کسی مثبت نتیجے کی توقع نہیں رکھتے۔
فوکس نیوز کے سروے کے مطابق صرف 39 فیصد ووٹرز ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کے حق میں ہیں، جبکہ نیویارک ٹائمز اور سینا کالج کے مشترکہ سروے میں 52 فیصد امریکیوں نے جنگ فوری طور پر ختم کرنے کی حمایت کی۔
واشنگٹن پوسٹ اور اے بی سی نیوز کے سروے کے مطابق 65 فیصد امریکیوں کا ماننا ہے کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے کے باوجود ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے مکمل طور پر نہیں روکا جا سکے گا۔
پیو ریسرچ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دو تہائی امریکیوں کو ایران میں امریکی اہداف کے حصول پر اعتماد نہیں، جبکہ 61 فیصد افراد کا خیال ہے کہ اس جنگ کے نتیجے میں دہشت گردی کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔
اسی سروے کے مطابق 56 فیصد امریکی سمجھتے ہیں کہ اس تنازع نے دنیا بھر میں امریکا کے تعلقات کو نقصان پہنچایا ہے، جبکہ 49 فیصد افراد نے خدشہ ظاہر کیا کہ مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام مزید بڑھے گا۔
دوسری جانب سی این این کے سروے میں 59 فیصد امریکیوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر کم یا بالکل اعتماد نہ ہونے کا اظہار کیا۔