بین اسٹوکس کا میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے عطیہ کرنے کا اعلان

بین اسٹوکس کا میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے عطیہ کرنے کا اعلان
راولپنڈ ی : انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹیسٹ میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کی اپنی میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کر رہا ہوں۔ انگلش کپتان نے کہا کہ تاریخی سیریز کے سلسلے میں پہلی مرتبہ پاکستان آ کر بہت اچھا لگ رہا ہے، 17 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہونے پر بہت پُرجوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کو دیکھ کر بہت دکھ ہوا، سیلاب کے ملک اور عوام پر خاصے اثرات مرتب ہوئے۔ بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ کھیل نے زندگی میں مجھے بہت کچھ دیا ہے، سمجھتا ہوں کہ کرکٹ سے بالاتر ہو کر کچھ واپس دوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ٹیسٹ سیریز سے اپنی میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کو عطیہ کروں گا، امید ہے کہ یہ عطیہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو میں مدد کرے گا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔