پاکستان کی افغان سرزمین سے تاجکستان میں چینی شہریوں پر ڈرون حملے کی شدید مذمت

پاکستان کی افغان سرزمین سے تاجکستان میں چینی شہریوں پر ڈرون حملے کی شدید مذمت
کیپشن: پاکستان کی افغان سرزمین سے تاجکستان میں چینی شہریوں پر ڈرون حملے کی شدید مذمت

ویب ڈیسک: پاکستان نے تاجکستان میں چینی شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کا قابلِ مذمت اور بزدلانہ واقعہ قرار دیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق افغان سرزمین سے ہونے والے دہشت گرد حملے انتہائی تشویشناک ہیں اور ان سے پوری عالمی برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حملے میں ڈرون کے استعمال نے خطرے کی سنگینی مزید بڑھا دی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کو تاجکستان، چین اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔ پاکستان چینی اور تاجک عوام کے دکھ کو بخوبی سمجھتا ہے کیونکہ پاکستان خود بھی طویل عرصے سے افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔

دفترِ خارجہ کے مطابق دہشت گرد گروہوں کی میزبانی افغان طالبان کی سرپرستی میں جاری ہے، اس لیے افغانستان سے سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف عملی، موثر اور قابلِ تصدیق اقدامات ناگزیر ہیں۔ پاکستان نے یقین دلایا ہے کہ وہ چین اور تاجکستان کے ساتھ علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان مسلسل اس مؤقف پر زور دیتا آیا ہے کہ افغان سرزمین پڑوسی ممالک یا کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ تاجک وزارتِ خارجہ نے بتایا تھا کہ افغانستان سے سرحدی علاقے میں کیے گئے ڈرون حملے میں ایک چینی کمپنی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 چینی شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

Watch Live Public News