پی ٹی وی کا ہر ورکر ہمارے سر کا تاج ہے: فواد چوہدری

پی ٹی وی کا ہر ورکر ہمارے سر کا تاج ہے: فواد چوہدری
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی وی اہم قومی ادارہ ہے، جب پی ٹی وی بنا تو اس خطے کا ماڈرن ادارہ تھا۔ پی ٹی وی کا ہر ورکر ہمارے سر کا تاج ہے۔ کارکنوں کی محنت سے آج پی ٹی وی منافع بخش ادارہ بن چکا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم آنے والے سالوں میں بھی اسی طرح محنت سے کام جاری رکھیں گے اور اپنی ذمہ داریوں کوخوش اسلوبی سے انجام دیں گے۔ ملک کو آگے لے جانے کے لئے امن ضروری ہے۔ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ کووڈ کے باعث عالمی سطح پر سپلائی چین متاثر ہوئی جس کے بعد دنیا بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ آج مہنگائی سے تنخواہ دار طبقہ زیادہ متاثر ہے، تنخواہ دار طبقہ کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تیل پیدا نہیں ہوتا۔ گیس کے ذخائر بھی کم ہو رہے ہیں۔ ہمیں تیل اور گیس درآمد کرنا پڑتا ہے۔ ماضی میں بجلی کے مہنگے معاہدے کئے گئے، مہنگا فیول خرید کر بجلی تیار کی گئی۔ اگر ملک میں پیسے ہوتے تو ہم سبسڈی دے کر لوگوں کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھ سکتے تھے۔ 1947 سے 2008 تک پاکستان کا کل قرضہ 6 ہزار ارب روپے تھا اس میں ہم نے موٹر وے بنائی۔ گوادر خریدا۔ اپنی فوج کو مضبوط کیا۔ ادارے بنائے۔ انہوں نے کہا کہ 2008 میں جب زرداری صدر بنے اور 2018 میں ن لیگ کی حکومت اقتدار چھوڑ کر گئی تو ہمارا قرضہ 23 ہزار ارب روپے تھا۔ گزشتہ سال ہم نے 10 ارب ڈالر قرضہ واپس کیا، اس سال 12 ارب ڈالر واپس کرنا ہے۔ اگر قرض زیادہ ہو، اخراجات زیادہ ہوں تو گھر تکلیف میں ہوگا۔ اسی طرح ملک پر قرض زیادہ ہو اور اخراجات زیادہ ہوں تو ملک غریب ہوگا۔ گزشتہ برس ہم نے 10 ارب ڈالر واپس کیا، اس سال 12 ارب ڈالر واپس کریں گے تو عوام کے لئے کیا بچے گا۔ اس تمام صورتحال کی ذمہ داری پچھلی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے اداروں کا بیڑا غرق کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 88 کے قریب سی ای اوز اور منیجنگ ڈائریکٹرز کی تقرریاں کیں، ایک تقرری بھی میرٹ سے ہٹ کر نہیں ہوئی۔ ادارے اپنے پاﺅں پر کھڑے ہوں گے تو ملازمین بھی خوشحال ہوں گے۔ آج پی ٹی وی کے ملازمین کی وجہ سے ہی ادارہ ترقی کر رہا ہے۔ ہم نے 10 سال بعد پی ٹی وی کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔ گروپ 5 اور 6 کی پروموشنز کا بورڈ تشکیل دے کر ان کی پروموشنز کی جائیں گی۔ گریڈ 4 اور دیگر ملازمین جو دوران سروس فوت ہوئے، ان کے ورثاءکو تقرریوں میں ترجیح دی جائے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو بونس دینے کی پالیسی شروع کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے یونین عہدیداران سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔