کسی جتھےکو اسلام آباد پرچڑھائی نہیں کرنے دیں گے،راناثناءاللہ

کسی جتھےکو اسلام آباد پرچڑھائی نہیں کرنے دیں گے،راناثناءاللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہےکہ کسی جتھے کو اسلام آباد پر چڑھائی نہیں کرنے دیں گے ، مختص مقام پر احتجاج کیا تو سکیورٹی دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کے دوران رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ جتھا کلچر فروغ پائے گا تو پھر کہاں کی جمہوریت اور کہاں کی ریاست اس لئے کسی جتھے کو اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کا موقع نہیں دیا جائے گا اور بری نیت سے آنے والوں سےبہت سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے احکامات واضح ہیں ۔ عدالت کے متعین کردہ مقام پر مکمل سکیورٹی کے ساتھ احتجاج کا موقع دیں گے، اس کے ساتھ پرامن احتجاج کیلئے حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی۔ رانا ثنااللہ نےکہا کہ کل تحریک انصاف کا جھوٹ اور فراڈ عوام کو پتا چلا گیا ہے ۔ جھوٹ اور فراڈ بیانیہ عوام کو گھول کر پلایا جارہا تھا، جب کہ آرمی آفیسرز سمیت کسی بھی محکمے جن پر تنقید اور الزامات ہوں وہ اپنا مؤقف پیش کرسکتے ہیں، فوجی افسران کی فیملیز بھی ہیں، ان کی بھی عزت اوراحترام ہے، جب بھی ضرورت پڑے فوجی افسران کو ایسی آگاہی عوام کو دینی چاہیے۔ وزیر داخلہ کے مطابق ارشد شریف سے متعلق سارے معاملات انکوائری کمیشن کے سپرد کردیے گئے ہیں اور بہت ساری چیزیں سامنے آگئی ہیں لیکن میں وہ ابھی بتا نہیں سکتا، کمیشن کی رپورٹ وزارت داخلہ کے پاس جمع ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اینٹی کرپشن نے عمران خان کے کہنے پر ہی میری گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا اور آج خود ہی میرا وارنٹ گرفتاری واپس لے لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں گورنر راج کا کوئی فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کوئی سمری بھجوائی گئی ہے ۔ عمران خان کو چاہیے کہ وہ آج پنجاب حکومت کو ڈسمس کریں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔