حکومت تبدیلی کی وجہ موجودہ سیٹ اپ کی ناکامی ہے، راناثناءاللہ

حکومت تبدیلی کی وجہ موجودہ سیٹ اپ کی ناکامی ہے، راناثناءاللہ
کیپشن: حکومت تبدیلی کی وجہ موجودہ سیٹ اپ کی ناکامی ہے، راناثناءاللہ

ویب ڈیسک: سینئر لیگی رہنما اور سینیٹر راناثناءاللہ نے پبلک نیوز کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں حکومت تبدیلی کی وجہ ایکشن کمیٹی نہیں بلکہ موجودہ سیٹ اپ کی ناکامی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پبلک نیوز نے مشیر وزیراعظم اور سینئر لیگی رہنما رانا ثناء اللہ سے سوال کیا کہ آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی ایکشن کمیٹی کو مزید طاقتور بنانے کے مترادف نہیں ہوگی؟ جس پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایکشن کمیٹی کو طاقتور کرنے کا حکومت کی تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں۔

پبلک نیوز نے سوال کیا کہ وجہ تو ایکشن کمیٹی ہی بنی نا اس وقت حکومت کو تبدیل کرنے کی؟ اس پر راناثناء اللہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کی وجہ ایکشن کمیٹی نہیں بلکہ موجودہ سیٹ اپ کی ناکامی ہے۔ موجودہ سیٹ اپ اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکا، اسی کمزوری نے بحران پیدا کیا۔ نئے سیٹ اپ کا مقصد عوامی مسائل کا حل اور بہتر گورننس فراہم کرنا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے آئندہ انتخابات شفاف، غیرجانبدار اور کریڈبل ہوں گے۔ نئی حکومت عوامی نمائندہ ہوگی، جو کشمیر کے عوام کی خدمت کرے گی۔ 

اس موقع پر سابق وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے کہا کہ وفاقی کمیٹی نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا اور ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کیے۔ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے معاہدہ طے پایا، وزیراعظم و صدر پاکستان نے اس کی توثیق کی۔ حکومت معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کشمیر کے عوام کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ یہ کسی کو طاقتور یا کمزور کرنے کا معاملہ نہیں، مقصد استحکام اور شفاف انتخابات ہیں۔ کشمیر میں ایسا ماحول قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ممکن ہوں۔ آئندہ حکومت وہی ہوگی جو عوام کی اصل نمائندہ ہو اور ڈلیور کرے۔ 

Watch Live Public News