ویب ڈیسک: آزاد کشمیر حکومت کی تبدیلی کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کی ممکنہ تبدیلی پر مسلم لیگ ن نے بڑا سیاسی فیصلہ کر لیا۔ نئے وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے سے مسلم لیگ ن نے صاف انکار کر دیا۔ تاہم انوار حکومت کو گرانے میں مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ قائد ایوان کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ قائد ایوان کے انتخاب کا عمل صرف وزیر اعظم انوار الحق کے استعفیٰ دینے کی صورت میں ہوگا۔ مسلم لیگ ن نے انوار حکومت کے خلاف صرف عدم اعتماد کی صورت میں ووٹ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انوار الحق حکومت کو گرانے میں مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد الگ معاملہ اور قائد ایوان کا انتخاب الگ آئینی عمل ہے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی سے آزاد کشمیر میں جلد الیکشن کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔