ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شامل ہونے والے ممبران اسمبلی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے لیگل ٹیم کو ریفرنس دائر تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔ سردار عبد القیوم نیازی کی قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد و دیگر سینئر قائدین کیساتھ مشاورت جاری۔
دستاویز کے مطابق الیکشن ایکٹ دو ہزار بیس کی دفعہ تیس کے ذیلی شق تین اور چار کے تحت کوئی ممبر پارٹی تبدیل کرنے سے نااہل ہونے کا سامنا کر سکتا ہے، صدر پی ٹی آئی کی جانب سے پہلے ہی ایک ریفرنس چار ممبران اسمبلی اکمل سرگالہ ، رفیق نیئر ، علی شان سونی وغیرہ کے خلاف اسپیکر اسمبلی کو بھجوایا جا چکا ہے۔
پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے بارہ ممبران اسمبلی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ عدم اعتماد میں ووٹ ڈالنے کی صورت میں انہیں ریفرنس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کے بجائے وزر اعظم کے استعفی کی صورت میں پوزیشن مختلف ہوگی۔ اس سے قبل دوہزار اکیس کے انتخابات سے پہلے مسلم کانفرنس کے ممبر سردار میر اکبر کو اسی قانون کی رو سے نون لیگ میں شامل ہونے پر اسمبلی ہائی کورٹ نے نا اہل کر دیا تھا۔