(ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں، حامدپور میں ایک شادی کی تقریب اُس وقت افراتفری کا شکار ہو گئی جب کھانے میں پنیر نہ ہونے پر ایک شخص نے شدید ردِعمل کا مظاہرہ کیا۔
یہ واقعہ راج ناتھ یادو کی بیٹی کی شادی کے موقع پر پیش آیا۔ تقریب معمول کے مطابق جاری تھی کہ دھرمیندر یادو نامی شخص شادی ہال میں آیا اور کھانے کے اسٹالز کا رخ کیا۔ جب اسے کھانوں میں پنیر نظر نہ آیا تو وہ سخت ناراض ہو گیا۔
غصے میں آکر دھرمیندر نے منی بس کو مہمانوں پر چڑھا دیا، جس کے نتیجے میں دلہے کے والد سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ اس واقعے میں تقریباً تین لاکھ روپے کا مالی نقصان بھی ہوا۔
واقعے کے بعد باراتیوں نے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ جب تک دھرمیندر کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی جاتی، شادی کی رسمیں مکمل نہیں ہوں گی۔ دلہن والوں نے پولیس میں مقدمہ درج کروا دیا، جس کے بعد اگلی رات تقریب مکمل کی گئی۔