ویب ڈیسک: بھارت میں کمبھ میلے کے دوران سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نوجوان لڑکی مونا لیزا بھوسلے ایک بار پھر خبروں میں آگئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے تمام تر خاندانی مخالفت کے باوجود اپنے بوائے فرینڈ محمد فرمان سے شادی کرلی ہے۔مونا لیزا کے اہلِ خانہ اس رشتے کے خلاف تھے اور انہیں زبردستی گھر لے جانے کی کوشش بھی کی گئی۔ مونا لیزا کا کہنا تھا کہ ان کے والد انہیں کسی اور شخص سے شادی پر مجبور کر رہے تھے، جس کے باعث انہوں نے اپنی حفاظت کے لیے پولیس سے رابطہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مونا لیزا اور محمد فرمان کی ملاقات فیس بک پر ہوئی تھی اور گزشتہ چند ماہ سے دونوں کے درمیان تعلق قائم تھا۔ محمد فرمان کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان کی محبت کی کہانی صرف چھ ماہ پرانی ہے، مگر انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ ایک دوسرے کو برسوں سے جانتے ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے اداکار ہیں۔
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کے شہر اندور سے تعلق رکھنے والی مونا لیزا بھوسلے اس وقت شہرت میں آئیں جب مہا کمبھ میلہ کے دوران پریاگ راج میں مالائیں فروخت کرتے ہوئے ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جس کے بعد وہ انٹرنیٹ پر خاصی مقبول ہوگئیں اور انہیں فلموں میں کام کی پیشکشیں بھی ملیں۔