ویب ڈیسک: پاکستان اور ناروے کے درمیان بحری عملے کی تربیت اور سرٹیفیکیشن کے حوالے سے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد پاکستانی ملاح ناروے کے پرچم بردار جہازوں پر ملازمت کے اہل ہوں گے۔
ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی سفارتخانے اور نارویجن میری ٹائم اتھارٹی کے حکام نے دستاویزات پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کا مقصد پاکستانی بحری عملے کی تربیت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تسلیم کرنا اور انہیں عالمی شپنگ مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرے گا اور میرے ٹائم تعاون کو مضبوط بنائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ناروے کی مرچنٹ نیوی میں پاکستانی عملے کی شمولیت سے نہ صرف ملکی بحری بیڑے کی ساکھ بڑھے گی بلکہ کثیر زرِ مبادلہ بھی ملک میں آئے گا۔