(ویب ڈیسک ) ایشیائی ترقیاتی بینک نے سیلاب متاثرین کیلئے 30 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک (اے بی ڈی) نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے 30 لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اے بی ڈی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے خود لاہور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور دریائے راوی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نقصانات کا جائزہ لیا اور مقامی حکام سے بریفنگ لی۔
اے ڈی بی نے پاکستان میں جاری قدرتی آفت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بینک مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہنگامی امداد کا مقصد متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور بنیادی ضروریات زندگی کی بحالی میں مدد دینا ہے۔ اے ڈی بی کی یہ امداد حکومتِ پاکستان، مقامی اداروں اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں میں معاونت کے لیے استعمال کی جائے گی۔