ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو خط لکھا ہے، جنہیں بھارت دہشت گرد قرار دے چکا ہے۔ امریکی صدر کے خط نے عالمی توجہ حاصل کرلی۔
عالمی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کا خط عالمی سطح پر خالصتان تحریک کو نئی توجہ دلانے کا باعث بن گیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے خط میں لکھا کہ وہ ہمیشہ امریکی شہریوں، قوم اور اقدار کو مقدم رکھتے ہیں، اور ان کے تحفظ کیلئے لڑتے رہیں گے۔
یہ خط ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سکھ فار جسٹس 17 اگست کو واشنگٹن ڈی سی میں خالصتان ریفرنڈم منعقد کرنے جا رہی ہے۔
ٹرمپ نے خط میں تجارت، ٹیرف، دفاعی اخراجات اور امریکی اقدار کی پالیسی پر بھی روشنی ڈالی۔ یہ خط گرپتونت سنگھ پنوں کی خالصتان مہم پر امریکی صدر کا پہلا تحریری ردعمل ہے۔
پنوں کا دعویٰ ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے سکھ فار جسٹس سے رسمی تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ نے لکھا کہ ان کی حکومت امریکا کو امن اور خوش حالی کے ایک نئے دور میں لے کر جائے گی۔
یاد رہے، ایس ایف جے کی موجودہ مہم رواں سال 20 جنوری سے جاری ہے، اور پنوں نے صدر ٹرمپ کی حلف برداری تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔