ویب ڈیسک: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ سی پیک فیز ٹو کے سلسلے میں رابطے جاری ہیں، جبکہ امریکا کے ساتھ تعلقات کو بھی ازسرِ نو استوار کیا جا رہا ہے۔
لاہور ریلوے اسٹیشن پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ انہوں نے پاک بھارت جنگ رکوائی، یہ پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی تھی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کی 4 روزہ جنگ نہایت خطرناک تھی لیکن پاکستان نے وہ جنگ جیتی، جس کا دنیا بھر نے اعتراف کیا۔یہ سب قوم کی دعاؤں کا نتیجہ تھا، پاک فوج نے جرات اور مہارت سے دشمن کا سامنا کیا، جبکہ فضائی افواج نے بھی بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ وہ اس جنگ کے ہر لمحے کے گواہ ہیں اور بطور وزیراعظم افواجِ پاکستان سے مشاورت کرتے رہے، یہاں تک کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی رابطے میں تھے، کچھ عناصر کا خیال تھا کہ پاکستان بھارت کا سامنا نہیں کر سکتا، لیکن اس جنگ نے یہ تصور ختم کر دیا۔
لاہور ریلوے اسٹیشن کے دورے سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ یہاں آ کر خوشگوار حیرت ہوئی، مسافروں کے لیے سہولیات بہتر کی گئی ہیں، ٹکٹنگ کا پرانا نظام ختم کردیا گیا ہے اور ریلوے کے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان بزنس ایکسپریس کو یورپی معیار پر اپ گریڈ کیا گیا ہے، جس پر ریلوے کے اعلیٰ افسران داد کے مستحق ہیں، پی ڈی ایم حکومت کے دوران وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے زبردست کام کیا، اور ریلوے کی زمینیں قبضہ گروپوں سے واگزار کروائیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ریلوے کو تباہ کردیا گیا تھا، اس لیے وزیر ریلوے کو ہدایت دی گئی کہ معاملات کو آؤٹ سورس کیا جائے، کیونکہ ریلوے کا کام زمینیں سنبھالنا نہیں بلکہ عوام کو سفری سہولیات دینا، ٹریک کی حالت بہتر بنانا اور ٹکٹ کے حصول کے عمل کو آسان بنانا ہے۔