ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مناسب ذخائر موجود ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے حالیہ ہفتوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دیتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کیے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپے فراہم کیے، جو مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتیوں کے ذریعے حاصل کیے گئے۔
وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایندھن کی بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دفاتر میں ٹیلی کانفرنسنگ کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کی رجسٹریشن آسان بنائی جائے تاکہ گاڑیوں کا ڈیٹا ڈیجیٹل کیا جا سکے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔