(ویب ڈیسک)ایم آئی ٹی کے سائنسدانوں کی ایک نئی ایجاد مستقبل میں پرنٹنگ کے طریقے کو مکمل طور پر بدل سکتی ہے۔ جہاں دنیا خودکار گاڑیوں اور جدید بیٹری ٹیکنالوجی کی بات کر رہی ہے، وہیں یہ خاموش مگر طاقتور ایجاد ہماری روزمرہ زندگی پر زیادہ گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔
ChromoLCD ( کرومو ایل سی ڈی) نامی یہ نئی ڈیوائس روشنی کی مدد سے کپڑوں اور دیگر اشیاء پر ڈیزائن بنانے کی سہولت دیتا ہے۔ آپ کو بس اپنی ٹی شرٹ یا کسی بھی سطح کو ایک خاص قسم کی فوٹوکرومک سیاہی سے کوٹ کرنا ہوگا، پھر ChromoLCD( کرومو ایل سی ڈی) کی ایل ای ڈی اور الٹرا وائلٹ لائٹ کے ذریعے مطلوبہ تصویر اس پر ڈال دی جائے گی۔
یہ ڈیوائس بلوٹوتھ کے ذریعے آپ کے فون سے جڑتی ہے، جہاں سے آپ تصویر اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ LCD (ایل سی ڈی )اسکرین پر پریویو دیکھنے کے بعد، آپ صرف ایک بٹن دبا کر پرنٹنگ شروع کر سکتے ہیں—اور تقریباً 15 منٹ میں آپ کے پاس ایک نیا، ذاتی ڈیزائن ہوگا۔ سب سے خاص بات؟ آپ اسے بعد میں دوبارہ بھی تبدیل کر سکتے ہیں!

یہ تصور بالکل نیا نہیں، کیونکہ 2024 میں MIT(ایم آئی ٹی ) نے PortaChrome (پورٹا کروم) نامی ایک کم ریزولوشن ورژن متعارف کروایا تھا۔ لیکن ChromoLCD( کرومو ایل سی ڈی) اس کا جدید اور بہتر ورژن ہے، جسے MIT کی (Computer Science and Artificial Intelligence Laboratory)سی ایس اے آئی ایل ٹیم نے تیار کیا ہے۔
یہ ٹیکنالوجی صرف ٹی شرٹس تک محدود نہیں—اسے ہینڈ بیگز، ٹائلز پر QR جیسے کوڈز بنانے، یا حتیٰ کہ وائٹ بورڈ کو انٹرایکٹو کینوس میں بدلنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس پروجیکٹ کی سربراہ، کمپیوٹر سائنس کی پی ایچ ڈی طالبہ یونئی ژو کہتی ہیں "ہم ChromoLCD( کرومو ایل سی ڈی) کو صارفین اور فوٹوکرومک ڈائز کے درمیان ایک پل سمجھتے ہیں۔ یہ ایک اسٹیمپ کی طرح ہے، استعمال میں انتہائی آسان، اور کسی پیچیدہ سیٹ اپ کی ضرورت نہیں۔"
کب دستیاب ہوگا؟
فی الحال یہ ٹیکنالوجی ابتدائی مراحل میں ہے اور صرف پروٹوٹائپ موجود ہیں۔ عام صارفین تک اس کی رسائی کب ہوگی، یہ ابھی واضح نہیں۔ تاہم، ماہرین کے مطابق اس کے اجزاء آسانی سے دستیاب ہیں، اس لیے کچھ لوگ چاہیں تو اسے خود بھی تیار کر سکتے ہیں۔