سابق کرکٹر سوروگنگولی کی اہلیہ سوشل میڈیا پر ہراسانی کا شکار،مقدمہ درج

سابق کرکٹر سوروگنگولی کی اہلیہ سوشل میڈیا پر ہراسانی کا شکار،مقدمہ درج
کیپشن: سابق کرکٹر سوروگنگولی کی اہلیہ سوشل میڈیا پر ہراسانی کا شکار،مقدمہ درج

ویب ڈیسک: بھارت کی سابق کرکٹر سورو گنگولی کی اہلیہ اور معروف اوڈیسی ڈانسر ڈونا گنگولی نے سوشل میڈیا پر ہراسانی اور بدسلوکی کے خلاف کولکتہ پولیس میں باضابطہ شکایت درج کرادی، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور نامعلوم افراد کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈونا گنگولی نے اپنی شکایت میں مؤقف اپنایا کہ وہ 40 سال سے زائد عرصے سے پیشہ ور رقاصہ کی حیثیت سے دنیا بھر میں اوڈیسی ڈانس پیش کرتی آئی ہیں۔ تاہم کولکتہ فلم فیسٹیول میں اپنی حالیہ پرفارمنس کے دوران اور بعد میں سوشل میڈیا پر کیے جانے والے توہین آمیز تبصروں سے ان کی عزت اور پیشہ ورانہ شہرت کو نقصان پہنچا ہے۔

شکایت میں ایک خصوصی فیس بک پیج کا حوالہ دیا گیا ہے، جہاں ان کی تصاویر پوسٹ کر کے ان کے جسمانی وزن کے بارے میں نازیبا اور تضحیک آمیز تبصرے کیے گئے۔ ڈونا گنگولی کے مطابق یہ تبصرے نہ صرف توہین آمیز تھے بلکہ ان کے لیے شدید ذہنی اذیت کا باعث بھی بنے۔

انہوں نے متعلقہ پیج سے وابستہ موبائل نمبر اور اسکرین شاٹس بھی پولیس کے حوالے کر دیے ہیں۔ پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ٹیم فیس بک پیج چلانے والوں کی شناخت کے لیے  کام کر رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ بھی جانچا جا رہا ہے کہ آیا اس معاملے میں مزید افراد بھی شامل تھے یا نہیں، اور جلد ہی مقدمہ درج کر کے ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کی جائے گی۔

Watch Live Public News