ویب ڈیسک: پاور ڈویژن کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ سولر نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی کم قیمت پر خریدنے سے متعلق ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیٹ میٹرنگ صارفین کے بجلی نرخوں پر اجلاس ضرور ہوا، تاہم اس اجلاس میں خریداری کے نرخ کم کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
پاور ڈویژن کے مطابق فی الحال سولر نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی 22 روپے فی یونٹ کے حساب سے لی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ جون 2025 میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ان صارفین کے لیے 10 روپے فی یونٹ نرخ مقرر کرنے کی منظوری دی تھی، تاہم اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات سامنے آنے کے بعد وزیراعظم نے اس فیصلے پر عمل درآمد روک دیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اس حوالے سے تمام پہلوؤں اور اثرات کا جائزہ لے رہی ہے، اور حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔