ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی نااہلی کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق درخواست ایڈووکیٹ میاں عبداللہ شاہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے، دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے ایل آئی ایف کے امیدواروں کی حمایت اور جانبداری کا مظاہرہ کیا، وزیراعلیٰ نے آئین اور حلف کی خلاف ورزی کی۔
درخواست میں وزیراعلیٰ کو فوری طور پر نااہل قرار دینے اور عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کو ایل آئی ایف کی حمایت سے روکا جائے۔
موقف اختیار کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ کو یکم نومبر سے پہلے ایل آئی ایف کے اجلاسوں میں شرکت سے روکا جائے، درخواست کی نقول گورنر کے پی، پاکستان بار کونسل اور پشاور ہائی کورٹ بار کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
دریں اثناء عظمیٰ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے وزیراعلیٰ کے پی سے کہا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے ٹیم کا انتخاب کریں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عظمیٰ خان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی پسند کی ٹیم منتخب کریں، پی ٹی آئی کے بانی نے اپنی جانب سے خیبرپختونخوا کابینہ کے لیے کوئی نام نہیں دیا۔
عظمیٰ خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے پوچھا کہ محمود اچکزئی کا بطور اپوزیشن لیڈر نوٹیفکیشن کیوں نہیں آیا؟