ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے وفد نے امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں میں موجودہ ملکی، سیاسی اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں امن وامان کے حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے قومی جرگہ کے انعقاد کی تجویز پر مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کی گئی۔ مولانا فضل الرحمان نے قومی جرگہ کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔
پی ٹی آئی وفد نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو متحد کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کردی۔ دوران ملاقات محمود خان اچکزئی کے بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی پر اتفاق کرلیا گیا۔
پی ٹی آئی وفد نے کے پی اسمبلی سے سینیٹ کی خالی نشست پر جےیوآئی سے تعاون کی درخواست کردی۔ پی ٹی آئی وفد میں سابق اسپیکر اسد قیصر، صوبائی صدر جنید اکبر، شہرام ترکئی شامل تھے۔
جےیوآئی کے مولانا صلاح الدین ایوبی،جلال الدین ایڈوکیٹ،مولانا اسجد محمود ملاقات میں شریک ہوئے۔
امیر جےیوآئی مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پی ٹی آئی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔