عمران خان کا سائفر کیس فیصلے کیخلاف اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کا اعلان

عمران خان کا سائفر کیس فیصلے کیخلاف اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کا اعلان
کیپشن: Imran Khan's announcement to approach the Supreme Court against the cipher case decision

ویب ڈیسک: بانی چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں سزا کیخلاف اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کیخلاف جھوٹے، لغو، بے بنیاد اور من گھڑ ت سائفر مقدمے میں سنائی جانے والی غیرقانونی اور ظالمانہ سزاؤں کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ انہوں نے ‎ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان رئوف حسن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ‎بانی چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے نہایت بےرحمی سے انصاف کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔ ‎دستور و قانون کی دھجیاں اڑا کر عدالتی کارروائی چلانے اور عوام کے بےگناہ قائدین کو ظالمانہ سزائیں سنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ 

رؤف حسن کا کہنا تھا کہ‎ نومئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ پر حملہ کرکے کی جانے والی گرفتاری اور جج ہمایوں دلاور کیطرح ابوالحسنات ذوالقرنین کا فیصلہ بھی قانون و انصاف کی بنیادوں سے محروم ہے جو عدل کے کسی میزان پر ٹھہر نہیں پائے گا۔

‎ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان اور تحریک انصاف کی بےپناہ مقبولیت سے خوفزدہ عناصر نے دستور اور بنیادی حقوق پر شب خون مارنے کے بعد ملک کا پورا نظامِ انصاف تباہی کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔ ‎کینگرو کورٹس کے کمپرومائزڈ ججز ملک میں عدل و انصاف کیلئے سب سے بڑا خطرہ اور دستور و قانون سے سنگین انحراف کے عادی ریاستی عناصر کے ہاتھوں میں کٹھ پتلیاں بن کر انصاف کی قبر کھود رہے ہیں۔

‎عوام کے دستوری، قانونی اور جمہوری مینڈیٹ کی حامل حکومت پر سازش کے ذریعے ماری جانے والی شب خون کی پوری روداد اور سائفر کے مندرجات عالمی میڈیا کے ذریعے قوم کے سامنے آچکے ہیں۔ ‎بددیانت آپریشنز کی شرمناک تاریخ رکھنے والے منصوبہ سازوں کی شرانگیزیوں اور مکروہ منصوبوں کا جواب بھرپور طریقے سے آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر دیں گے۔ 

‎تمام تر ظلم اور زیادتیوں کے باوجود بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات اور تعلیمات کی روشنی میں پرامن رہیں گے اور ہر ناانصافی کا بدلہ ووٹ سے لیں گے۔ ‎لازم ہے کہ عوام اپنے محبوب، نڈر، جرّی اور بے گناہ قائد کیلئے انصاف کے دروازے کھولنے کیلئے 8 فروری کو گھروں سے نکلیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے ملک میں انصاف کے قتل اور لاقانونیت کے طوفانوں کی راہ روکیں۔