شمالی وزیرستان:سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،6خوارج ہلاک،میجراورجوان شہید

شمالی وزیرستان:سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،6خوارج ہلاک،میجراورجوان شہید
کیپشن: شمالی وزیرستان:سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،6خوارج ہلاک،میجراورجوان شہید

ویب ڈیسک: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی میں آپریشن 29 اور 30 جنوری کی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانےکا پتہ لگایا اور 6 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے میجر اسرار اور سپاہی محمد نسیم نے جام شہادت نوش کیا، میجر اسرار آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کیجانب سے جاری کردہ بیان میں بتایاگیا ہے کہ میجر حمزہ اسرار شہید کی عمر 29 سال تھی۔ میجر حمزہ اسرار شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے۔ میجر حمزہ اسرار شہید نے 9 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔ میجر حمزہ اسرار شہید کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی۔ میجر حمزہ اسرار شہید نے سوگواران میں اہلیہ، والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ 26 سالہ سپاہی محمد نعیم شہیدضلع نصیر آباد کے رہائشی ہیں۔سپاہی محمد نعیم شہید نے6 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کادفاع کیا۔سپاہی محمد نعیم شہید نے سوگواران میں والدین چھوڑے۔

صدر اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے 6 خوارج جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کو خراجِ عقیدت پیش کیا، انہوں نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

آصف زرداری نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشتگرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 6 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ خارجیوں کیخلاف کارروائی میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔

انہوں نے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے بیٹوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملائیں گے، حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے متحرک ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا شہید جوانوں کو خراج عقیدت

درین اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم نے وطن کے امن کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں، جوانوں کی بہادری پر فخر ہے، قوم کے بہادر سپوت وطن پر قربان ہو کر ہمیشہ کیلئے امر ہوگئے، شہید میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کی عظیم قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے 6 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

بلاول بھٹو کا خراج تحسین: 

 پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شمالی وزیرستان میں 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر   سیکیورٹی فورسز  کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز  کا ایکشن پوری قوم کے پختہ عزم اور ارادوں کا آئینہ دار ہے۔انتہاپسندی اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

 چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آپریشن میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کی شہاد ت پر اظہار افسوس کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا میجر حمزہ اسرار شہید اور سپاہی محمد نعیم شہید کو خراج عقیدت اور درجات کی بلندی کی دعا  کی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےمیجر حمزہ اسرار شہید اور سپاہی محمد نعیم شہید کے خاندانوں کے  ساتھ اظہار ہمدردی، صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کامیاب آپریشن پر پاک فوج کو سلام:

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر پاک فوج کو سلام پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی میر علی میں بہترین کارروائی میں 6 خوارج جہنم واصل  ہوئے۔ 

سید مراد علی شاہ  نے 2 جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نےشہید جوانوں کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وطن کی خاطر ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیئے تیار ہیں۔ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ہماری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ہم متحد ہیں اور یہی ہماری جیت ہے۔

Watch Live Public News