مالٹا کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان

مالٹا کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان
کیپشن: مالٹا کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: یورپی ملک مالٹا نے فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان وزیراعظم رابرٹ ابیلا نے منگل کی شام اپنے فیس بک پیغام میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستمبر اجلاس میں سرکاری طور پر کیا جائے گا۔

وزیراعظم ابیلا نے کہا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے مالٹا کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بین الاقوامی قانون اور انصاف کے اصولوں کے تحت فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔

مالٹا کی حکومت کو اس فیصلے کے لیے اندرونی دباؤ کا سامنا تھا، جہاں وزیراعظم کی جماعت کے اراکین سمیت اپوزیشن کی جانب سے بھی فلسطین کو فوراً تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ جولائی کے وسط میں سینٹر رائٹ اپوزیشن نے باقاعدہ طور پر اس مطالبے کی حمایت کی تھی۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ اور فرانس جیسے بڑے یورپی ممالک بھی حالیہ دنوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ اس سے قبل آئرلینڈ، ناروے اور اسپین بھی مئی میں فلسطین کو باقاعدہ طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔

مالٹا طویل عرصے سے دو ریاستی حل کا حامی رہا ہے اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا رہا ہے۔ عالمی سطح پر اس فیصلے کو ایک اور اہم پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News