ویب ڈیسک: تلنگانہ کے ضلع میدک کے علاقے پشامی لارم میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں مشتبہ دھماکے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کئی افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ پیر کے روز سگاچی کیمیکل انڈسٹری (Sigachi Chemical Industry) میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ایک ری ایکٹر پھٹنے سے فیکٹری میں دھماکہ ہوا، جس کے بعد آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق، جائے وقوعہ پر 11 فائر ٹینڈرز پہنچ چکے ہیں، اور آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔
ہلاکتوں کی متصاد اطلاعات
ابھی تک سرکاری طور پر ہلاکتوں کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں ہوئی۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق کم از کم 8 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ بعض مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10 تک پہنچ چکی ہے۔
ایک اور مقامی ذرائع نے بھی ابتدائی رپورٹ میں 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی ہے، تاہم حکام نے اب تک سرکاری سطح پر کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا۔
ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری
پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ سنگاریڈی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، پارتوش پنکج کے مطابق، تاحال کسی لاش کو باہر نہیں نکالا گیا ہے۔سرچ آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ "ریسکیو آپریشن مکمل ہوتے ہی ہلاکتوں اور زخمیوں سے متعلق تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔"