ویب ڈیسک: چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کراچی کا دورہ, ایئر وائس مارشل راشد حبیب نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا, ایڈمرل نوید اشرف نے ادارے میں پیشہ ورانہ و علمی معیار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ میں خطاب کیا، نیول چیف کا کہنا تھا کہ جدید جنگ میں فتح کیلئے آپریشنل تیاری بنیادی ستون ہے۔
قومی دفاع کیلئے تینوں مسلح افواج میں تعاون ناگزیر ہے، پاک فضائیہ کی جدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت قابل ستائش ہے، مشرقی سرحد کی صورتحال مستقل تیاری کا تقاضا کرتی ہے۔
چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ نے تمام محاذوں پر جنگی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے، پاک فضائیہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
غیر انسانی فضائی نظاموں میں NASTP اور PMSTP کا اشتراک اہم پیش رفت ہے، مقامی سطح پر ٹیکنالوجی کی ترقی دفاعی خود انحصاری کیلئے ناگزیر ہے، ایئر وار کالج مستقبل کے عسکری قائدین کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔