تحریک انصاف کو توڑنے کیلئے ملک کے اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے، عمران خان

تحریک انصاف کو توڑنے کیلئے ملک کے اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے، عمران خان
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کو توڑنے کیلئے ملک کے اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے، جن اداروں کو جرائم روکنے تھے ان کو پی ٹی آئی ختم کرنے پر لگا دیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں میں ایسے بھی ہیں جو نئی پارٹی کیلئے لابنگ کر رہے ہیں، کئی لوگ جو پارٹی چھوڑ کرگئے ان کو ہمیں ٹکٹ ہی نہیں دینا تھا۔ مجھے جو سمجھ آیا ہے کہ ایک کنگز پارٹی بنائی جارہی ہے، جو لوگ پی ٹی آئی سے نکلے ہیں انہیں اس کنگز پارٹی میں ڈال دیں۔ عمران خان نے کہا کہ میں نے پوری کوشش کی ہے کہ نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیے جائیں، پنجاب میں زیادہ تر لوگ نظریے پر کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی پر اس وقت جو ظلم کیا جارہا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی، یہ ہمارے ٹکٹ ہولڈرز کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، ہمارے کئی ٹکٹ ہولڈرز نے پارٹی چھوڑ دی ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت کے گھر، کاروبار اور فارم ہاؤس توڑے جا رہے ہیں، پارٹی قیادت کو گھر کی خواتین اور بچوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ان کو علم ہے کہ گرفتار ہونے والی کوئی عورت جلاؤ گھیراؤ میں ملوث نہیں۔ عمران خان نے خطاب میں کہا کہ چیئرمین نیب کی جگہ جسے لائے اس کا کام صرف تحریک انصاف پر کیس کرنا ہے۔ تحریک انصاف کو توڑنے کیلئے ملک کے اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے، جن اداروں کو جرائم روکنے تھے ان کو پی ٹی آئی ختم کرنے پر لگا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کا تو انہیں علم ہے یہ گھوڑا بیٹھنے والا ہے، ان کے جلسوں میں عوام نہیں آتے، ن لیگ اس سارے ظلم کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔