ویب ڈیسک: آسکر ایوارڈ یافتہ فلم اسٹار وار کی ایڈیٹر مارسیا لوکاس 80 برس کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کر گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وہ کیلیفورنیا میں اپنے گھر پر وفات پا گئیں۔ مارسیا لوکاس نے 1977 میں شہرۂ آفاق فلم "اسٹار وارز" کی ایڈیٹنگ پر اکیڈمی ایوارڈ (آسکر) حاصل کیا تھا اور انہیں فلم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے "اسٹار وارز" کے علاوہ "ریٹرن آف دی جیڈائی"، "THX 1138" اور "امریکن گرافٹی" سمیت متعدد معروف فلموں کی ایڈیٹنگ بھی کی۔
مارسیا لوکاس معروف ہدایت کار مارٹن سکورسیزی کی کلاسک فلموں "ٹیکسی ڈرائیور"، "ایلس ڈزنٹ لِو ہئیر اینی مور" اور "نیویارک، نیویارک" کی ایڈیٹنگ ٹیم کا بھی حصہ رہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے 1969 میں "اسٹار وارز" کے خالق جارج لوکاس سے شادی کی، تاہم یہ رشتہ 14 برس بعد ختم ہو گیا۔ بعد ازاں 1983 میں انہوں نے اسکائی واکر رینچ کے پروڈکشن منیجر ٹام روڈریگز سے شادی کی، جو 1993 تک برقرار رہی۔