ہری پور ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے دھاندلی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کا ردعمل

ہری پور ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے دھاندلی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کا ردعمل
کیپشن: ہری پور ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے دھاندلی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کا ردعمل

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 18 ہری پور کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی جانب سے لگائے گئے دھاندلی کے تمام الزامات مسترد کر دیے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے علامیے میں کہا ہے کہ مخصوص عناصر حسبِ معمول ضمنی انتخابات کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ڈی آر او اور آر او کی تعیناتی کو سازش قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ جنرل الیکشن میں عملے کی کمی کے باعث افسران کی تعیناتی ممکن نہیں ہوتی۔ ضمنی انتخابات میں کمیشن کے افسران ہی ڈی آر او اور آر او مقرر کیے جاتے ہیں۔ این اے 18 میں تعینات افسران اسی ایریا میں پہلے سے موجود تھے۔ پولنگ ڈے تک کسی سیاسی جماعت نے تعیناتیوں پر اعتراض نہیں کیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن ہارنے کے بعد بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ فارم 45 پہلے سے تیار ہونے کا الزام غلط اور گمراہ کن ہے۔ پریزائیڈنگ آفیسرز مکمل طور پر صوبائی انتظامیہ نے فراہم کیے تھے۔ الیکشن کمیشن چاہتا تو وفاقی اداروں کے ملازمین بھی لگائے جا سکتے تھے۔ صوبائی انتظامیہ کے عملے نے پولنگ بیگز اور نتائج آر او آفس میں جمع کرائے۔ سکیورٹی انتظامات بھی مکمل طور پر صوبائی حکومت نے فراہم کیے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہر انتخاب کے بعد ایک جیسے الزامات دہرانا انتخابی عمل کو مشکوک بنانے کی کوشش ہے۔ نتائج پر اعتراض ہے تو قانونی فورم الیکشن ٹربیونل سے رجوع کیا جائے۔ میڈیا پر الزام تراشی سے جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ضمنی انتخابات میں بھی آئین و قانون کے مطابق کارروائیاں کیں اور کرتا رہے گا۔

Watch Live Public News