سانحہ 9 مئی مقدمات کی سماعت کرنیوالا جج تبدیل

سانحہ 9 مئی مقدمات کی سماعت کرنیوالا جج تبدیل

ویب ڈیسک: سانحہ 9 مئی کے کیسوں کی سماعت کرنے والے راولپنڈی، لاہور، سرگودھا اور گوجرانولہ کے ججز کو بھی تبدیل کردیا گیا ۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف کو ہائی کورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی، لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ،ملک اعجاز آصف بانی پی ٹی آئی اور دیگر رہنماوں کے خلاف مقدمات کی سماعت کر رہے تھے ،ملک اعجاز آصف نے بشری بی بی کو 20 اگست کو 9 مئی کے 12 مقدمات سے ڈسچارج کیا تھا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق سانحہ 9 مئی کے کیسوں کی سماعت کرنے والے راولپنڈی، لاہور، سرگودھا اور گوجرانولہ کے ججز کو بھی تبدیل کردیا گیا ۔پراسیکیوٹرز کا موقف تھا کہ ان ججز کا سانحہ 9 مئی کے ملزمان کی طرف جھکاؤ ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالتوں میں نئے ججز کی تعیناتیاں نہیں کی گئیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اے ٹی سی لاہور میں 9 مئی کیسز کی سماعت کرنے والے جج خالد ارشد کا تبادلہ کیا گیا ہے اور انہیں فوری طور پر لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

نسیم ورک کو سیشن جج لاہور تعینات کردیا گیا، سیشن میانوالی جج قیصر بٹ کو لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا، سیشن جج راجہ غضنفر علی کو جہلم سے اوکاڑہ ٹرانسفر کردیا گیا۔ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری سرفراز اختر کو سیشن جج بہاولپور تعینات کردیا گیا۔

اینٹی کرپشن جج لاہور ارشد حسین بھٹہ کو بھی تبدیل کر دیا گیا اور انہیں فوری لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا، جج ارشد بھٹہ پرویزالہیٰ سمیت دیگر کے خلاف کرپشن کیسز کی سماعت کر رہے تھے۔
 

Watch Live Public News