مظفر گڑھ اور بہاولنگر کے سکولوں میں چھٹیاں بڑھا دیں گئیں

مظفر گڑھ اور بہاولنگر کے سکولوں میں چھٹیاں بڑھا دیں گئیں
کیپشن: مظفر گڑھ اور بہاولنگر کے سکولوں میں چھٹیاں بڑھا دیں گئیں

ویب ڈیسک: دریائے چناب میں سیلابی صورتحال کے باعث ضلع مظفر گڑھ کے سو سے زائد سکولوں کو 6 ستمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ دریائے چناب کے سیلاب سے 89 سرکاری اسکول متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث 105 سرکاری اسکول 6 ستمبر تک بند رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپوں کیلئے 16 اسکول مختص کیے گئے ہیں۔ جبکہ تمام سرکاری اسکول یکم ستمبر کو دوبارہ کھلیں گے۔

دوسری جانب دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کے باعث بہاولنگر میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی ہدایت پر محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری و نجی سکول، کالجز اور یونیورسٹیاں 5 ستمبر تک بند رہیں گی۔

ادھر، لاہور میں سیلاب کا خطرہ کم ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں یکم ستمبر سے تعلیمی سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اسکولز بند رہیں گے اور والدین اور طلباء کو اسکولز انتظامیہ سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ تمام سکولز محکمہ تعلیم کی ہدایات پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔

Watch Live Public News