ویب ڈیسک: بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے احمد وال میں 8 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی اور تشدد کے بعد قتل کیے جانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں نامزد تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد بچی کی لاش دفن کردی گئی تھی، تاہم اطلاع ملنے پر قانونی کارروائی کے لیے لاش قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردی گئی ہے۔
بچی کے اہل خانہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ اہل خانہ نے ملزمان کو قرار واقعی سزا دینے اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایس پی نوشکی سلیم شاہوانی کے مطابق پولیس نے واقعے میں نامزد ملزمان عصمت اللہ، زبیر اور کامران کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی نوشکی اور ڈی آئی جی رخشان ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔