ویب ڈیسک: بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، جنوبی ایشیا کے اعلیٰ حکام اور مقامی رہنماؤں نے شرکت کی۔ پاکستان کی نمائندگی ایاز صادق نے کی۔
خالدہ ضیاء کو بنگلادیش کے سابق صدر ضیا الرحمان کے پہلو میں قومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ خالدہ ضیاء جگر کے عارضے سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں اور طویل عرصے سے ڈھاکا کے اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ وہ گزشتہ روز انتقال کر گئیں تھیں۔
خالدہ ضیاء بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں اور مسلم دنیا میں بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم کے طور پر جانی جاتی تھیں۔ انہوں نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔
خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ میں بھارت، بھوٹان اور مالدیپ کے حکام بھی شریک ہوئے۔