چین دوست، امریکا سپرپاور، اس کیساتھ تعلقات رکھنا مجبوری

چین دوست، امریکا سپرپاور، اس کیساتھ تعلقات رکھنا مجبوری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چین ہمارا دیرینہ دوست، جبکہ امریکا سپرپاور ہے، اس کے تعلقات رکھنا ہماری مجبوری ہے۔ کسی کو خوش کرنے کے لئے کسی کو ناراض کریں، یہ سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم چین اور امریکا کے ساتھ مساوی بنیادوں پر تعلقات رکھتے ہیں۔ چین کو پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کے پاس جانے پر کوئی اعتراض نہیں۔ ملک میں صدارتی نظام اور ایمرجنسی کے نفاذ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات ان کے علم میں نہیں اور نہ ہی وفاقی کابینہ اجلاس میں ایسی کوئی بات ہوئی ہے۔ جو پی ٹی آئی والا صدارتی نظام کی بات کرے، تفصیلات بھی اسی سے پوچھی جائیں۔ شیخ رشید یوم یکجہتی کشمیر کے بارے میں بتایا کہ پاکستان اس کو بھرپور طریقے سے منائے گا۔ گذشتہ روز انڈین فوج نے مزید 5 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔ اس سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ وہاں مسلمانوں کے ساتھ کیسا سلوک رکھا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمان پاکستان کی طرف یا پھر آسمان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن وہ کام کر رہی ہے، جو ہم اس کے دور میں کیا کرتے تھے۔ اس ادارے سے پاکستان کی جان تب چھوٹے گی جب ہم معاشی طور پر مضبوط ہونگے۔ ان کا کہنا تھا ملک لوٹنے والوں کو احتساب کے شکنجے میں لایا جائے گا۔ ہمیں دھرنوں سے کوئی فرق پڑے گا اور نہ ہی لانگ مارچ سے کچھ حاصل ہوگا۔

Watch Live Public News