ویب ڈیسک: لاہور میں بسنت کے تہوار کے موقع پر شہریوں کو مفت سفری سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی اور نجی رائیڈر کمپنیاں 6 سے 8 فروری تک شہر بھر میں شہریوں کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کریں گی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر کے مطابق اس منصوبے سے روزانہ تقریباً 6 لاکھ مسافر مستفید ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین پر ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک روزانہ 2 لاکھ 70 ہزار مسافروں کو مفت سفر کی سہولت دی جائے گی۔
بلال اکبر کا کہنا تھا کہ شاہدرہ سے گجومتہ تک 64 میٹرو بسوں کے ذریعے مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے میٹرو بس سروس پر روزانہ ڈیڑھ لاکھ مسافر فائدہ اٹھا سکیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور کے فیڈر روٹس کے لیے 188 بسیں 21 مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی، جبکہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت 40 الیکٹرک بسیں شہر کے دو روٹس پر خدمات انجام دیں گی۔ بسنت کے موقع پر شہری ان تمام سہولیات سے بلا معاوضہ استفادہ کر سکیں گے۔