ویب ڈیسک: لاہور کے جناح اسپتال میں گردے کی پیوندکاری کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے، جس میں ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ مریض عرفان کو ان کی خالہ نے گردہ عطیہ کیا۔
وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کامیاب آپریشن پر ڈاکٹرز اور طبی عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے اسپیشل انیشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت مریضوں کو مفت پیوندکاری کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم اور ان کی ٹیم بہترین کارکردگی پر شاباش کی مستحق ہے، جبکہ پنجاب حکومت صوبے بھر میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
حکام کے مطابق جناح اسپتال میں رواں سال گردے کی پیوندکاری کا یہ پہلا کامیاب آپریشن ہے، جس کے بعد مریض اور گردہ عطیہ کرنے والی خاتون دونوں تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔