وزیر اعظم کا بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر سے رابطہ، عید کی مبارکباد پیش کی

وزیر اعظم کا بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر سے رابطہ، عید کی مبارکباد پیش کی
کیپشن: وزیر اعظم کا بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر سے رابطہ، عید کی مبارکباد پیش کی

ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور عید الفطر کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ سال UNGA اور D-8 سربراہی اجلاس کے دوران نیویارک اور قاہرہ میں اپنی  گرمجوش اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سیاحت میں مثبت رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔

اس حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ  اپریل میں پاکستان کے نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے دورہ ڈھاکہ کے حوالے سے پر امید ہے اور کہا کہ ایک تجارتی وفد بھی ان کے ہمراہ جائے گا۔

انہوں نے تمام سطحوں پر دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے لیے ادارہ جاتی نظام کو بحال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دونوں ممالک کے مابین عوامی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے ثقافتی وفود کے تبادلے پر بھی بات چیت کی گئی۔

اس سلسلے میں وزیراعظم نے بنگلہ دیش سے ایک ثقافتی وفد کو پاکستان کے دورے پر بھیجنے کی تجویز دی جس میں پرانے اور نئے فنکار بالخصوص لیجنڈ اداکارہ رونا لیلیٰ بھی شامل ہوں۔

وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کو  پاکستان کا دورہ کرنے کی اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم اور ملائیشین ہم منصب کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج ٹیلی فون پر ملائیشیا کے وزیر اعظم عزت مآب انور ابراہیم اور ملائیشیا کی برادر قوم کو عید الفطر کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔

گزشتہ اکتوبر میں ملائیشیا کے وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ملائیشیا کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم انور ابراہیم نے اس سال مئی میں وزیر اعظم شہباز شریف کے کوالالمپور کے متوقع دورے کی پاکستان اور ملائیشیا کے دو طرفہ تعلقات کے ضمن میں اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دورے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سال ملائیشیا کے دورے کے منتظر ہیں اور امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہو گا۔

اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ٹیلی فون پر مختصر گفتگو بھی کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔

وزیراعظم کا میانمار کے ہم منصب سے رابطہ، تباہ کن زلزلے پر اظہار تعزیت کیا

 وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سینئر جنرل من آنگ ہلینگ، چیئرمین سٹیٹ ایڈمنسٹریشن کونسل و وزیراعظم میانمار سے ٹیلیفونک گفتگو کی، تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان زلزلے سے متاثرہ افراد کی تکالیف کو کم کرنے کے لئے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی تقریباً 70 ٹن امدادی سامان میانمار کے لئے روانہ کرے گی، امدادی سامان دو کھیپ میں اگلے 48 گھنٹے میں زلزلہ سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے پہنچ جائے گی۔

وزیراعظم نے میانمار کے عوام کی بہادری اور استقامت پر اعتماد کا اظہار کیا، میانمار کے وزیر اعظم نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کے حسن سلوک کو سراہا، میانمار کے وزیراعظم نے مشکل کی اس گھڑی میں میانمار کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Watch Live Public News