ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے یومِ آزادی کے موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام تہنیتی خط میں امریکہ کی عوام اور قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے آزادی، جمہوریت اور مساوی مواقع جیسی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ گزشتہ ڈھائی صدیوں کے دوران امریکی عوام کی کامیابیاں عالمی ترقی میں بھی نمایاں رہی ہیں۔
صدر مملکت نے توانائی، تجارت، دفاع اور دیگر شعبوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے ماضی میں خطے میں کشیدگی کے دوران کردار ادا کرنے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سراہا اور ایران سے متعلق معاملات میں پاکستان پر اعتماد کے اظہار کا بھی خیرمقدم کیا۔ صدر زرداری نے امریکی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان امریکی آزادی کی 250ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر امریکہ کے ساتھ خوشیوں میں شریک ہے اور آزادی، جمہوریت اور استقامت جیسی مشترکہ اقدار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان سات دہائیوں سے زائد پر محیط شراکت داری موجود ہے، جسے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی نے مزید مضبوط بنایا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے عالمی امن و سلامتی کے اہم مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے ممکنہ بڑے تصادم کو روکنے اور انسانی جانوں کے تحفظ میں مدد دی، جبکہ عالمی تنازعات کے حل کے لیے ان کی کوششیں بھی قابلِ تحسین ہیں۔