ایران نے جوہری ہتھیار نہ بنانے اور نہ حاصل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، صدر ٹرمپ

ایران نے جوہری ہتھیار نہ بنانے اور نہ حاصل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، صدر ٹرمپ
کیپشن: ایران نے جوہری ہتھیار نہ بنانے اور نہ حاصل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، صدر ٹرمپ

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نہ صرف جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے بلکہ کسی بھی ذریعے سے ایسے ہتھیار حاصل نہ کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کر چکا ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکرات میں ایک اہم اور مثبت قدم قرار دیا ہے۔

ایک امریکی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ کشیدگی اور تنازع کے بجائے سفارتی معاہدے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کے بقول، اگر کوئی جامع سمجھوتہ طے پا جاتا ہے تو خطے میں استحکام کو فروغ ملے گا اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بھی معمول پر آ سکے گی۔

ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکہ کے لیے سب سے بنیادی اور اہم شرط یہ ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار موجود نہ ہوں اور وہ مستقبل میں بھی ایسے ہتھیار حاصل کرنے کی صلاحیت یا کوشش نہ کرے۔

امریکی صدر کے مطابق مذاکرات کے ابتدائی مراحل میں ایران کا مؤقف صرف جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے تک محدود تھا، تاہم واشنگٹن کے تحفظات کے بعد اس میں مزید وضاحت شامل کی گئی۔ ان کے بقول، ایران نے اس بات پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے کہ وہ کسی بھی ذریعے سے جوہری نوعیت کے عسکری ہتھیار خریدنے، حاصل کرنے یا ان تک رسائی کی کوشش نہیں کرے گا۔

صدر ٹرمپ نے اس پیش رفت کو مذاکراتی عمل کے لیے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق سفارتی حل کی جانب مزید پیش رفت کر سکیں گے۔

Watch Live Public News