ویب ڈیسک:پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے واپڈا ٹاؤن سے ایک اور افسوسناک واقعے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان سڑک پر چلتی ایک خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کرتا ہے اور پھر تیزی سے موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صوبے کے مختلف شہروں میں خواتین اور بچیوں کو ہراساں کرنے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے، وائرل ویڈیو میں خاتون سٹرک کے ایک طرف جارہی ہے، پیچھے سے موٹرسائیکل سوار ملزم نے خاتون کے لئے انتہائی شرمناک حرکت کی جس پر خاتون ڈر گئی اور ملزم کو مارنے کے لئے بوتل پھینکنا چاہی تب تک دیر ہوچکی تھی کیونکہ ملزم نے موٹرسائیکل کو وہاں سے تیزی سے نکالا۔
اس سے قبل 27 اکتوبر کو شیخوپورہ (فیروزوالہ) میں ایک باریش شخص کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک خاتون اسکول ٹیچر کو راہ چلتے ہراساں کر رہا تھا۔ بعد میں پولیس نے اسے گرفتار کر لیا تھا۔ اسی طرح 29 اکتوبر کو ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیر محل سے بھی ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی جس میں ایک موٹر سائیکل سوار کو اسکول جاتی بچیوں کے ساتھ نازیبا حرکت کرتے دیکھا گیا۔