اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے قومی اسمبلی میں استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کا اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظور کے اقدام کو چیلنج کیا۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 11 ارکان کے استعفے منظور کرنے کا جو تماشا لگایا ہے ہم اس کے خلاف عدالت آئے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ 11 اپریل کو قومی اسمبلی کے فلور پر ہمارے 125 لوگوں نے کہا کہ ہم نے استعفے دے دیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے مرضی کے 11 استعفے منظورکیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس سازش کا حصہ بننے کو تیار نہیں تھی اس لیے استعفے دیے، اب الیکشن کمیشن کی جانب سے غیرقانونی کام کیا گیا ہے۔ اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اب سیاسی فریق بن چکا ہے اور ادارہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا حصہ بن گیا ہے ہم اس کے خلاف ریفرنس دائرکرنے جارہے ہیں۔