اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، اس منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیرک گولڈ کمپنی کے وفد کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک برسٹوو (Mark Bristow) کی سربراہی میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاونین خصوصی جہانزیب خان، طارق باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔ ملاقات میں بیرک گولڈ کے وفدنے ریکوڈیک منصوبے پر سرمایہ کاری میں حکومت پاکستان کے حصے کی پاکستانی روپوں میں ادائیگی پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان منرل سمٹ میں بیرک گولڈ سمیت دیگر بین الاقوامی کمپنیوں کی شرکت پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کی سند ہے، منرل سمٹ کی کامیابی اور پاکستان میں بیرک گولڈ جیسی بین الاقوامی کمپنیوں کے اعتماد کی بحالی سپیشل انویسٹمینٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے اجراء سے ممکن ہوا۔ ملاقات میں مارک برسٹوو نے وزیراعظم کو ریکو ڈیک میں جاری ترقیاتی کام پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پورا پاکستان خصوصاً بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہیں،ان قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، اس منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ دوران اجلاس وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریکو ڈیک میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی کا قیام کیا گیا ہے جو بلوچستان کی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ممکنہ اقدامات کی نشاندہی کرتی ہے،کمیٹی میں شامل مقامی عمائدین مقامی لوگوں کی ترقی کیلئے منصوبوں کی نشاندہی خود کرتے ہیں، ریکوڈیک منصوبے میں بلوچستان بالخصوص باصلاحیت مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ منصوبے کی سرمایہ کاری میں سے علاقے کی ترقی پر بھی خطیر رقم خرچ کی جا ئے گی۔