تاخیر کا جواز نہیں، نئی مردم شماری کے تحت ہی انتخابات میں جانا ہے، وزیراعظم

تاخیر کا جواز نہیں، نئی مردم شماری کے تحت ہی انتخابات میں جانا ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تاخیر کا جواز نہیں، نئی مردم شماری کے تحت ہی انتخابات میں جانا ہے، مردم شماری کے نتائج مکمل ہونے پر مشترکہ مفادات کونسل میں جائیں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ9 مئی کو دوست نما دشمن بن کر یہ حرکت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجبوراً اضافہ کرنا پڑا، دو تین ماہ میں کئی بار پیٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں ایک دوبار قیمت بڑھائی، پیٹرول کی قیمت کا دارومدارعالمی مارکیٹ میں قیمتوں پر ہے، پیٹرول کی قیمت میرے کنٹرول میں نہیں ۔ شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منڈی میں کروڈ آئل کی قیمت پر دارو مدار ہے، بدقسمتی سے اس مرتبہ پیٹرول کی قیمت عالمی منڈی میں آسمان پر چلی گئی۔ کل ساری رات وزیرخزانہ پیٹرول کی قیمتوں پر کام کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کی شرط ہے بجٹ میں محفوظ سبسڈی کے سوا سبسڈی نہیں دے سکتے۔ عام انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ تاخیر کا جواز نہیں، نئی مردم شماری کے تحت ہی انتخابات میں جانا ہے، مردم شماری کے نتائج مکمل ہونے پر مشترکہ مفادات کونسل میں جائیں گے، 12 اگست کو حکومت کی مدت مکمل ہو رہی ہے، عوامی مینڈیٹ سے لیس حکومت 5 سال حکومت کرےگی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نگران سیٹ اپ کے حوالے سے نواز شریف سے مشاورت مکمل ہوگئی ہے، قائد حزب اختلاف سے مشاورت کروں گا، اپوزیشن لیڈر سے مشاورت آئین کا تقاضہ ہے، پر امید ہوں اپوزیشن لیڈر مل کر نگران سیٹ اپ کا فیصلہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کا امیدوار نوازشریف ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔