امریکی ٹیرف کے بعد بھارت کا ایف 35 طیاروں میں عدم دلچسپی کا اعلان

امریکی ٹیرف کے بعد بھارت کا ایف 35 طیاروں میں عدم دلچسپی کا اعلان
کیپشن: امریکی ٹیرف کے بعد بھارت کا ایف 35 طیاروں میں عدم دلچسپی کا اعلان

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارتی درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے اعلان کے بعد بھارت نے امریکہ سے ففتھ جنریشن ایف 35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے خریدنے میں دلچسپی نہ رکھنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

بلوم برگ کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے باضابطہ طور پر واشنگٹن کو مطلع کر دیا ہے کہ وہ اس مہنگے دفاعی معاہدے کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئی دہلی حکومت، امریکہ کو خوش رکھنے کے لیے مخصوص امریکی مصنوعات کی درآمدات میں اضافہ ضرور کر سکتی ہے، تاہم اس فہرست میں فوجی سازوسامان یا ایف 35 طیارے شامل نہیں ہوں گے۔

یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے دورۂ امریکہ کے دوران صدر ٹرمپ سے ملاقات کی تھی، جہاں ٹرمپ نے بھارت کو جدید اسٹیلتھ جیٹ طیارے فروخت کرنے کی پیشکش کی تھی، جس پر بھارت نے اس وقت غور کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

تازہ صورتحال میں بھارت فوری طور پر کسی قسم کے جوابی تجارتی اقدامات اٹھانے کی پوزیشن میں نہیں ہے اور امریکی ناراضی سے بھی بچنا چاہتا ہے۔ اسی لیے بھارتی حکومت نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات کو جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی ہے تاکہ باہمی اختلافات کو سفارتی ذرائع سے حل کیا جا سکے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ بھارت کی اس حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے جس میں وہ معاشی دباؤ سے نکلنے کے لیے وقتی طور پر سخت موقف اپنانے سے گریز کر رہا ہے، لیکن ساتھ ہی وہ مہنگے فوجی معاہدوں سے بھی ہاتھ کھینچ رہا ہے۔

Watch Live Public News