علی امین گنڈاپور کا بھارت کیخلاف فیٹف میں جانے کا اعلان

علی امین گنڈاپور کا بھارت کیخلاف فیٹف میں جانے کا اعلان
کیپشن: علی امین گنڈاپور کا بھارت کیخلاف فیٹف میں جانے کا اعلان

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھارت کے خلاف فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) میں جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عالمی فورمز پر بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد پیش کریں گے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کر کے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں واپس شامل کرانے کی کوشش کی، جو ناقابل قبول ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’’مودی! میں تمہیں پیغام دے رہا ہوں، ہم تمہاری طرح بزدل نہیں جو رات کی تاریکی میں آئیں، ہم دشمن کو بتا کر آتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کو ثابت کریں گے کہ بھارت خود فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل ہونے کے لیے موزوں ترین امیدوار ہے۔

علی امین گنڈاپور نے الزام لگایا کہ بھارت نہ صرف بلوچستان، گلگت بلتستان بلکہ پورے خطے میں بدامنی پھیلانے میں ملوث ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ افغان جنگ کے دوران بھارت نے درجنوں قونصل خانے کھول کر پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دیا، اور حالیہ برسوں میں چینی شہریوں اور منصوبوں پر ہونے والے حملوں کے تانے بانے بھی بھارت سے ملتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی بات آج سچ ثابت ہو رہی ہے کہ مودی "Small man in a big office" ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بھی بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے بیان کو مسخ کر کے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں ڈالنے کا بھارتی خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اس کے جرائم بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہیں۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے شواہد موجود ہیں، جنہیں جلد فیٹف کے حکام کے سامنے رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق بھارت جنگی محاذ پر ناکامی کے بعد اب سازشوں پر اتر آیا ہے، لیکن پاکستان ہر محاذ پر اس کا مؤثر جواب دے گا۔

Watch Live Public News